
(ویب ڈیسک) لاہور پولیس نے ملازمت کے بہانے گھروں میں وارداتیں کرنے والی خواتین کے گینگ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق 4 ملزم خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضے سے 90 لاکھ روپے مالیت کی اشیاء برآمد کی گئی ہیں۔ آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی کارروائی کے دوران خواتین کے قبضے سے 60 لاکھ روپے نقدی، غیر ملکی کرنسی، جیولری، موبائل فونز اور قیمتی گھڑیاں برآمد کی گئیں۔
گرفتار ہونے والی خواتین میں ثناء، انعم زوجہ جاوید مسیح، شہناز زوجہ جاوید مسیح اور شیبا دختر ہمایوں شامل ہیں۔ پولیس نے لاہور، قصور اور ملتان کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر ملزمان کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گھریلو ملازماؤں ثناء اور شہناز نے انعم اور شیبا کی معاونت سے ماڈل ٹاؤن کے رہائشی کے گھر چوری کی واردات کی تھی۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ڈی ایس پی آرگنائزڈ کرائم یونٹ فیصل شریف اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات سے نوازا۔
پولیس ترجمان کے مطابق اس کامیاب کارروائی میں انسپکٹر شاہد حسین، محمد علی، سب انسپکٹر بدر ظہیر، اے ایس آئی نثار احمد، ہیڈ کانسٹیبل جہانگیر، ندیم اشرف، ناظم، محمد شفیق، کانسٹیبل سہیل انجم، طیب، ناصر، غضنفر، حسن رضا اور طارق علی کو بھی انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹس دیے گئے۔
ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور نے اس تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ لاہور پولیس جرائم کے خاتمے کے لیے مسلسل سر گرم عمل ہے اور یہ کامیاب کارروائیاں پولیس کے عزم کا مظہر ہیں۔