27 Jan 2025
(لاہور نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر اکاماٹسو شوچی نے آج وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ایک دوسرے کے لیے خیر سگالی کا رشتہ ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کی تاریخ کا ذکر کیا اور پاکستان کی اقتصادی اور صنعتی ترقی کی کوششوں کے لیے جاپان کی حمایت کو سراہا۔
شہباز شریف نے جاپان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔
