(ویب ڈیسک) یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ کارپوریشن کے تمام سٹورز کھلے ہیں اور صارفین کو معیاری اشیاء خورونوش رعایتی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کارپوریشن کی بندش کے حوالے سے چلنے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے ابھی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کا فیصلہ کرنے کے لئے کمیٹی بنائی ہے۔
کمیٹی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے آپریشنز، ملازمین، رمضان ریلیف پیکیج اور اثاثہ جات سے متعلق تفصیلی رپورٹ مرتب کرے گی۔
رپورٹ کو منظوری کے لئے وزیراعظم پاکستان کے سامنے پیش کیا جائے گا، اس کے بعد اس کا فیصلہ ہوگا،یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے تمام سٹورز کھلے ہیں اور صارفین کو معیاری اشیائے خورونوش رعایتی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت سبسڈائزڈ اشیاء کی فراہمی بھی زیر غور ہے جو بہت جلد منظور ہو جائے گی۔
عوام بغیر کسی دقت کے یوٹیلٹی سٹورز پر معیاری خریداری کے لئے تشریف لائیں اور رعایتی نرخوں سے فائدہ اٹھائیں۔
