(ویب ڈیسک) وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا الیکٹرک بسوں سے سموک کے تدارک میں مدد ملے گی۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، اس دوران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں پی ٹی سی کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں پی ٹی سی کی کارکردگی، الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ نے ای بسوں کے روٹس و دیگر معاملات کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ چین سے ای بسیں لاہور پہنچنے پر ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، 27 الیکٹرک بسیں لاہور کی سڑکوں پر فروری کے دوسرے ہفتے تک چلا دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں رواں ماہ کے آخر تک دھوئیں سے پاک 27 الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بسیں شمسی توانائی سے چلیں گی۔
