(ویب ڈیسک) ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے احسان اللہ سے رابطہ کرکے ملازمت کی پیشکش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق فاسٹ باولر احسان اللہ رواں سیزن کے پریذیڈنٹ کپ گریڈ ٹو ٹورنامنٹ میں ملتان سلطانز کی ڈیپارٹمنٹل ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔اپریل اورمئی میں احسان اللہ پریذیڈنٹ کپ گریڈ ٹو میں جے ڈی ڈبلیو کے لیے کھیلیں گے جبکہ مکمل فٹنس اور فارم دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ملتان سلطانز کی سہولیات کا استعمال کریں گے۔
علی ترین کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز احسان اللہ کو اگلے سال پی ایس ایل میں واپس لانے کے لیے ان کے ساتھ تعاون اور کام کرے گی۔ احسان اللہ ملتان سلطانز کی فاسٹ باولنگ کوچ کیتھرین ڈیلٹن کی زیر نگرانی لودھراں کی ملتان سلطانز اکیڈمی میں ٹریننگ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ احسان اللہ ہمارا اور اس ملک کا اثاثہ ہیں، ہم ان کی مکمل فٹنس اور فارم بحال کرنے میں ہر ممکن مدد کریں گے۔احسان اللہ جیسے فاسٹ باولر جنریشن میں ایک بار پیدا ہوتے ہیں، انہیں تحفظ کی ضرورت ہے اور ملتان سلطانز عالمی معیار کے ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور پیدا کرنے میں پی سی بی کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔
