(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تمام پچھلے 9 سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل سرفراز احمد نے دسویں سیزن کے ڈرافٹ سے قبل فرنچائز کو خیرباد کہہ دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ دنوں پی ایس ایل 2025 کے ڈرافٹ سے قبل سرفراز کو ریلیز کر دیا تھا اور اپنی اعلان کردہ ریٹینشن لسٹ میں شامل نہیں کیا، جس کے بعد قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ شاید فرنچائز انہیں ڈرافٹ میں منتخب کرے گی۔
گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے خود ریٹینشن لسٹ کے اعلان کے بعد ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ 13 جنوری کو ڈرافٹ میں سرفراز احمد کو منتخب کریں گے، تاہم سرفراز نے اعلان کیا کہ ان کا گلیڈی ایٹرز کے ساتھ سفر ختم ہو چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ میرا ٹائم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ اختتام ہوا جاتا ہے، 9 سال کے سفر میں بہت فخر محسوس کرتا ہوں، ٹیم کے ساتھ میرا سفر بہت ہی شاندار اور خوبصورت رہا۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے اپنی ٹیم میں کھیلنے کا موقع دیا، بطور کھلاڑی اور کپتان مجھے جس چیز کی ضرورت تھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مہیا کی۔