(ویب ڈیسک) سینئر اداکار خالد انعم نے پاکستان میں ہونے والی شادیوں پر بے تحاشا خرچ پر طنزیہ رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی شادیاں دیکھ کر لگتا ہے یہ ملک امریکا اور جاپان کو قرضہ دیتا ہے۔
خالد انعم نے پاکستان کی معاشی صورتحال کے برعکس پاکستانیوں کے حالات پر تنقید کی اور شادیوں پر بے بہا پیسہ بہانے پر طنز کیا۔
اداکار نے لکھا کہ پاکستان کی شادیاں، شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹ دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ ملک امریکا، جرمنی اور جاپان کو قرضہ دیتا ہے۔
خالد انعم نے کہا کہ پاکستان میں ہر بندہ اپنی چادر سے دو سو فٹ باہر ہے۔
انہوں نے اپنی ایک اور انسٹا پوسٹ میں زندگی کو سادہ اور آسان بنانے کے لیے ایک اہم مشورہ بھی دیا ہے۔
خالد انعم نے اپنی انسٹا پوسٹ میں لکھا ہے کہ پیسے اتنے کمائیں کہ جب آپ بیمار ہوں تو بچے ڈاکٹر بلائیں وکیل نہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے اداکار کے ان خیالات سے اتفاق کیا۔
خالد انعم ملک کے موجودہ حالات اور سماجی مسائل کے بارے میں سوشل میڈیا پر اکثر ہی دلچسپ انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہتے ہیں جنہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پسند کیا جاتا ہے۔