(لاہور نیوز) پنجابی فلموں کے سلطان، لیجنڈری اداکار سلطان راہی کو مداحوں سے بچھڑے 29 برس بیت گئے۔
سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی کی جوڑی پاکستانی فلمی دنیا کی مقبول ترین جوڑی بنی، ان کی فلم’’مولا جٹ ‘‘ نے باکس آفس پر کامیابی کے ریکارڈ قائم کئے، سلطان راہی پہلے پاکستانی فنکار ہیں جن کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں موجود ہے۔
انہوں نے 700 سے زائد فلموں میں کام کیا جو ورلڈ ریکارڈ ہے، انہیں 150 سے زائد فلمی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا، سلطان راہی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ 12اگست 1981 کو ان کی پانچ فلمیں شیر خان، ظلم دا بدلہ، اتھرا پتر، چن وریام اور سالا صاحب ایک ہی روز ریلیز ہوئی تھیں اور ان فلموں نے کامیابی کے ریکارڈ قائم کئے تھے۔
سلطان راہی کی مقبول ترین فلمی ہیروئنز میں آسیہ، انجمن، صائمہ، گوری، نیلی اور بابرہ شریف قابل ذکر ہیں۔
فن کے سلطان کو 9 جنوری 1996 کو گوجرانوالا کے قریب نامعلوم ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، سلطان راہی کی المناک موت کے بعد پاکستانی فلم انڈسٹری بحران کا شکار ہوگئی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ موت کے وقت بھی سلطان راہی کی 54 فلمیں زیر تکمیل تھیں اور یہ بھی ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔