(لاہور نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی وزارتوں اور اداروں میں ڈیڑھ لاکھ آسامیاں ختم کر دی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزارتوں اور اداروں میں ایسی خالی اسامیاں جن پر ابھی بھرتیاں نہیں ہوئی تھیں، ان میں سے 60 فیصد کو ختم کر دیا گیا ہے، اب ان اسامیوں پر بھرتیاں نہیں کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے حکومتی اخراجات کو کم کریں اور معیشت کو پائیدار ترقی کی جانب لیکر جائیں، ٹیکس نظام میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات دسمبر سے جاری ہیں، معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کو اپنا کردار نبھانا ہو گا۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارتوں کے 80 ذیلی اداروں کی تعداد کم کر کے 40 کر دی گئی، یعنی نصف ادارے ختم کر دیے گئے، ان میں سے کچھ اداروں کو ضم کیا گیا جبکہ 2 وزارتوں کو بھی ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، کامرس ڈویژن، ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور نیشنل فوڈ سکیورٹی کے 60 ذیلی اداروں میں سے 25 کو ختم، 20 میں کمی اور 9 کو ضم کیا جائے گا، خدمات سے متعلق اسامیوں کو آؤٹ سورس کر رہے ہیں، حکومت رائٹ سائزنگ کر کے سرکاری اداروں کی استعداد کار بڑھانا چاہ رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، اہداف درست سمت میں جا رہے ہیں، ہم حکومتی اخراجات کم کرنے جا رہے ہیں، یہ وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کی جانب اہم قدم ہے۔