(لاہور نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے کھیلوں کی صنعت کے فروغ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری اور حکومتی کاوشوں کی بدولت کھیلوں کی صنعت کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، سی پیک کے تحت پاک چین تجارتی تعلقات مضبوط، سپورٹس گڈز کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان کی سپورٹس مصنوعات کی چین کو برآمدات میں 6.68 فیصد اضافہ ہوا، 2024ء میں 10.7 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔
پاکستان کی سپورٹس گڈز کی صنعت کی عالمی سطح پر ترقی اور چین کے ساتھ اقتصادی تعلقات میں مزید استحکام آیا ہے۔
پاکستانی ماہرینِ صنعت کی مہارت کی بدولت فٹ بال، باسکٹ بال اور والی بال کی مصنوعات عالمی سطح پر مقبول ہیں، چین پاکستان کے سپورٹس گڈز کیلئے اہم مارکیٹ ہے جس سے نئے مواقع اور اثر و رسوخ میں اضافہ ہوگا۔
چین کی جدید ٹیکنالوجی اور تجارتی نیٹ ورک پاکستان کی سپورٹس گڈز کی صنعت میں انقلاب کا باعث ہے، چین میں کھیلوں کے فروغ کیلئے پاکستان کی سپورٹس مصنوعات کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
چین میں بڑے کھیلوں کے ایونٹس کی تیاریوں کیلئے بھی پاکستان کی معیاری مصنوعات پر اعتماد کیا جا رہا ہے۔