(لاہورنیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی صنعتیں گلوبل سپلائی چین کا حصہ بنانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ اور سمال اینڈ میڈیم اینٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی صنعتوں کو گلوبل سپلائی چین کا حصہ بنانے کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے وفاق اور تمام صوبوں کو مل کر کام کریں۔اجلاس میں وزیراعظم کو سمیڈا کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی ، دوران بریفنگ بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سمیڈا کے بورڈ کی تشکیل ہو چکی ہے اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جا رہا ہے ۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملک میں ایس ایم ایز سیکٹر کی ترقی کے لئے بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے حوالے سے عملی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، ایس ایم ایز سیکٹر کی سٹیئرنگ کمیٹی میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹریز کو شامل کر لیا گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بینکوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ ایس ایم ایز کو قرض کی فراہمی کے حوالے سے بینک فارمز کو مزید آسان اور سہل بنایا جائے، وفاقی وزارت صنعت و پیداوار نے ایس ایم ایز سیکٹر کی ترقی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے رابطے مزید بہتر بنائےہیں۔
بریفنگ میں حکام کا مزید کہنا تھا کہ ایس ایم ایز سیکٹرز کے حوالےسے سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں نے اس حوالے سے جامع لائحہ عمل تیار کر لیا ہے جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتیں جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہیں، ملک بھر میں موجود ایس ایم ایز کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔