(حریم جدون) حکومت نے عوام کو نئے سال کا پہلا تحفہ دے دیا، پانچ جنوری سے ہائی وے اور موٹروے ٹول ٹیکسز میں اضافہ کر دیا گیا۔
قومی شاہراہوں پر موٹرکار سے 60 روپے، ویگن سے 100 روپے اور بس سے 200 روپے ٹول ٹیکس وصول کیا جائے گا، 2 اور 3 ایکسل ٹرک سے 250 روپے اور بڑے ٹرکوں سے 500 روپے ٹول ٹیکس لیا جائے گا۔
موٹروے ایم ون ، ایم 3، ایم 4 ، ایم 5، ایم 14 اور ای35 پر بھی ٹول ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد سے پشاور ایم ون موٹروے پر کار کا ٹول ٹیکس 460 سے بڑھا 500 روپے کر دیا گیا، لاہور سے عبدالحکیم ایم تھری پر کار کیلئے ٹول ٹیکس 650 روپے سے بڑھ کر 700 روپے ہو گیا، پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور ملتان جانے کیلئے ایم فور پر کار کیلئے ٹول ٹیکس 850 روپے سے بڑھا کر 950 روپے کر دیا گیا ۔
ملتان سے سکھر ایم فائیو پر کار کا ٹول ٹیکس ایک ہزار 50 روپے سے بڑھا کر 1100 روپے ، ڈی جی خان تا ہکلہ موٹروے ایم 14 پر ٹول ٹیکس 600 روپے ہو گیا، حسن ابدال، حویلیاں اور مانسہرہ کیلئے ای 35 پر ٹول ٹیکس 250 روپے ادا کرنا ہو گا۔
موٹروے ایم ون ، ایم 3، ایم 4 ، ایم 5، ایم 14 اور ای 35 پر بڑی گاڑیوں کا ٹول ٹیکس 750 سے 5550 روپے کر دیا گیا۔