(لاہور نیوز) پاکستان میں ٹائرز کی پیداوار کیلئے گرین فیلڈ ٹائرز منصوبے کا آغاز کر دیا گیا۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں بڑھتا ہوا کردار نمایاں ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن اور مقامی بینکوں کی جانب سے آرمسٹرانگ زیڈ ای پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی میں 50.2 ملین ڈالر تک کی مساوی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ مقامی ٹائروں کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے سندھ کے علاقے گھارو میں قائم کیا جائے گا، اس منصوبے کے ذریعے مقامی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی اضافے کا امکان ہے، 1,800 سے زائد ملازمتیں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے شعبے کی مسابقت میں اضافہ ہوگا۔
پاکستان میں مقامی طور پر تیار کردہ بین الاقوامی معیار کے ٹائروں کا تعارف اور سستی، معیاری مصنوعات کی فراہمی کا آغاز ہوگا۔
عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں میں بڑھتا ہوا تعاون خوش آئند ہے، مقامی پیداوار میں اضافے سے درآمدات پر انحصار کم اور غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی، یہ منصوبہ پاکستان کی اقتصادی پوزیشن کو مزید مستحکم کرے گا اور عالمی سطح پر نئی پہچان بنے گا۔
ایس آئی ایف سی کی مسلسل کوششیں معیشت کی ترقی، استحکام اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔