(ویب ڈیسک) لاہور سفاری زو کے بعد لاہور چڑیا گھر بھی نیلام کردیا گیا،پارکنگ اوراینٹری ٹکٹ سمیت مختلف سہولتوں کی فراہمی کا ٹھیکہ 50 کروڑ میں نیلام کیا گیا۔
پنجاب وائلڈلائف کو لاہور چڑیا گھر کی نیلامی میں بڑی کامیابی ملی ہے۔چڑیا گھر کا ٹھیکہ 50 کروڑ روپے میں نجی کمپنی کو دیا گیا ہے۔ نیلامی کی ریزور پرائس 32 کروڑ روپے رکھی گئی تھی،تاہم لاہور چڑیا گھر مینجمنٹ کمیٹی اور ڈی جی وائلڈلائف کی بہترین حکمت عملی سے ٹھیکے کی نیلامی ہدف سے 18 کروڑ روپے زائد میں کی گئی ہے۔
نیلامی کے دوران دوسری سب سے بڑی پیشکش ساڑھے 48 کروڑ روپے دی گئی تھی۔ نیلامی میں لاہور چڑیا گھر کی مال روڈ اور لارنس روڈ کی پارکنگ ٹکٹ،انٹری ٹکٹ، فش ایکوریم، ہولوورس،ورچوئل رئیلٹی،واک تھروایوری اور سانپ گھر کی انٹری ٹکٹ کے ٹھیکے کی نیلامی کی گئی ہے۔لاہور چڑیا گھر کی انٹری ٹکٹ 100 روپے، ایکوریم 100 روپے، سانپ گھر 200 روپے، واک تھرو ایوری 100 روپے، مکسڈ رئیلٹی 100 روپے، ورچوئل رئیلٹی 200 روپے اور زو ہولو ورس300 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ جبکہ پارکنگ فیس الگ سے ہے۔
ڈائریکٹر پراجیکٹ مدثر حسن کا کہنا ہے کہ انہیں حیران کن حدتک کامیابی ملی ہے اور یہ سب ڈی جی وائلڈلائف اور زومینجمنٹ کمیٹی کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی مزید الیکٹرک جھولوں، ہارس رائیڈ،جمپنگ کیسل اور کینٹین کے ٹھیکوں کی نیلامی بھی ہوگی۔ انٹری ٹکٹ اور پارکنگ کے بعد کیفے ٹیریا کے ٹھیکوں کی نیلامی سے بھی خطیر رقم حاصل ہوگی۔
مدثر حسن نے بتایا مشینری اور املاک کی دیکھ بھال کی زمہ داری ٹھیکیدار کی ہوگی، ایوری میں موجود پرندوں، سانپ ہاؤس میں رکھے گئے انتہائی قیمتی ریپٹائلز اور ایکوریم میں رکھی گئی مچھلیوں کی دیکھ بھال اور خوراک کی فراہمی بھی ٹھیکیدار کی ذمہ داری ہوگی تاہم باقی جانوروں،پرندوں کی دیکھ بھال، خوراک،علاج کی ذمہ داری چڑیا گھر انتظامیہ خود کرے گی۔پارکنگ ایریا،ٹکٹ کاؤنٹرز پر ٹھیکدار اپنا عملہ تعینات کرے گا جبکہ لاہور چڑیا گھر کے ملازمین دیگر امور سرانجام دیں گے۔
لاہور چڑیا گھر کو تین سال کے لیے نجی شعبے کے حوالے کیا جائیگا۔ کمپنی جنوری کے پہلے ہفتے انتظام سنبھال لے گی۔ دوسرے سال ٹھیکے کی رقم میں 10 فیصد اضافہ ہوگا۔ لاہور چڑیا گھر میں آنیوالے سیاحوں کی سالانہ تعداد کا تخمینہ 28 لاکھ لگایا گیا ہے تاہم اگر اس سے زائد وزیٹر آئیں گے تو فی وزیٹر انٹری فیس کا 10 فیصد ٹھیکیدار ،انتظامیہ کو اداکرے گا۔کمپنی بجلی سمیت دیگر یوٹیلٹی بل ادا کرنے کی بھی پابند ہوگی۔
نجی شعبے کے حوالے کیے جانے سے عام شہری کے لیے چڑیا گھر کی تفریح مہنگی نہیں ہوجائیگی،اس حوالے سے وائلڈلائف حکام نے بتایا اس وقت 100 روپے انٹری ٹکٹ اور پارکنگ فیس ہے ان میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ نئی سہولتوں کے ٹکٹ الگ ہوں گے اور یہ سہولتیں پہلے موجود نہیں تھیں۔ سانپ گھر تھا لیکن اس کی انٹری ٹکٹ الگ تھی۔