(ویب ڈیسک) لاہور کی 96 فیصد صنعتوں میں اخراج کنٹرول سسٹم نصب کردیا گیا، محکمہ ماحولیات پنجاب نے قوانین پر عمل نہ کرنے والے 21 صنعتی یونٹس انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) کے ذریعے سیل کر دیے۔
پنجاب کے محکمہ تحفظ ماحول نے مختلف شہروں میں 25 اے کیو آئی مانیٹرنگ سٹیشن قائم کر دیے ہیں اور 35 مانیٹرنگ سٹیشنز پر تیزی سے کام جاری ہے۔
اس حوالے سے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 27 مارچ سے 27 دسمبر تک لاہور میں ای پی اے نے 2883 انڈسٹریل یونٹس کا معائنہ کیا، جس میں سے 860 کو نوٹس جاری کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ عوام اور صنعتکار حکومت کا ساتھ دیں اور آلودگی کے خاتمے کے لیے صنعتی یونٹس کی مانیٹرنگ سخت کی گئی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام صنعتوں کو اخراج کنٹرول سسٹم کی تنصیب کے لیے وقت دیا گیا ہے، صنعتوں کو ماحول دوست ٹیکنالوجی کے لیے مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ صنعتکاروں کے ساتھ مل کر ماحولیات کی بہتری کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کرلی گٸی ہے، لاہور کے تمام صنعتی علاقوں میں ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنارہے ہیں، جب کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے نجی شعبے کا تعاون بھی حاصل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ مہینوں میں لاہور سمیت صوبے کے کئی شہر سموگ سے متاثر ہوئے تھے، جس کے بعد حکومت نے ماحولیات کی بہتری کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔