(ویب ڈیسک) معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے امریکا میں مداحوں سے ملاقات کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر وضاحت پیش کر دی۔
اداکارہ ہانیہ عامر ان دنوں ساتھی اداکار فہد مصطفیٰ کیساتھ امریکا کے دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے مداحوں کے ساتھ ملاقات کے دوران اچانک ختم ہونے والے ایونٹ پر وضاحت دے دی۔ انسٹاگرام اسٹوری پر ہانیہ نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی محبت اور حمایت کو سراہا، اور اس واقعے کی تفصیلات بیان کیں جس کی وجہ سے تقریب غیر متوقع طور پر ختم ہوئی اور مداحوں میں غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔
ہانیہ نے انکشاف کیا کہ اس ایونٹ کے ایک منتظم نے ان کی خاتون مینیجر کے ساتھ بدتمیزی کی، جس کے بعد صورتحال خراب ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کہ انکی خاتون مینیجر بیک اسٹیج چلی گئی جس کے پیچھے وہ اور فہد بھی گئے تاکہ اسے دیکھ سکیں کہ وہ ٹھیک ہے اور کیا ہوا ہے؟
ہانیہ نے بتایا کہ اس کے بعد ہم نے بیک اسٹیج ہی مداحوں کے ساتھ تصاویر بنانے کا فیصلہ کیا کہ اسی دوران انتظامیہ کا وہی شخص جس نے ان کی مینیجر سے بدتمیزی کی بھاگتا ہوا آیا اور نام لے کر پکارتے ہوئے ہمیں ایونٹ سے باہر نکلنے کو کہا۔
اداکارکا کہنا تھا کہ منتظم نے نامناسب رویہ اپنایا، نام لے کر پکارا، اور حفاظتی پروٹوکول منسوخ کر دیے، یہاں تک کہ ہمیں ہراساں کیا گیا اور لوگوں کو اسے روکنا پڑا جس کے بعد انہیں خود واپسی کا انتظام کر کے اپنی حفاظت کرتے ہوئے ہوٹل پہنچنا پڑا۔
ہانیہ نے کہا کہ عہدے کا اختیار کسی کو یہ حق نہیں دیتا کہ وہ کسی اور کی عزت پامال کرے، خاص طور پر خواتین کو مردوں کے غالب شعبوں میں کام کرنے پر نشانہ بنایا جائے۔ اداکارہ نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ بغیر حقائق جانے کسی بھی خاتون فنکار پر انگلی نہ اٹھائی جائے۔ مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے ہانیہ نے کہا کہ وہ ان سے پیار کرتی ہیں اور انہیں افسوس ہے کہ تقریب ایسے ختم ہوئی۔