فوڈ سیفٹی ٹیموں کا راوی ٹاؤن میں چھاپہ، جعلی بمبئے سپاری تیار کرنے پر یونٹ بند
(لاہور نیوز) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے راوی ٹاؤن میں چھاپہ مار کر جعلی تلسی اور بمبئے سپاری تیار کرنے پر یونٹ بند کر دیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر ڈائریکٹر آپریشنز نے ٹیموں کے ہمراہ راوی ٹاؤن میں چھاپہ مارا، 2500کلو انتہائی ناقص جعلی تلسی، بمبئے سپاری اور پان مصالحہ تلف، بھاری مقدار میں جعلی پیکنگ، 6 مشینیں ضبط کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے یونٹ میں جعلی تلسی، بمبئے سپاری، پان مصالحہ، انار دانہ اور املی بنائی جا رہی تھی، ناقص سپاری کو کھلے رنگ اور مصنوعی فلیورز لگا کر جعلی سپاریاں تیار کی جا رہی تھیں، املی اور انار دانہ تیار کرنے کے لئے انتہائی ناقص خام مال استعمال کرنے پر کارروائی کی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا سپاریاں ، املی، انار دانہ کو اصل جیسی نقل پیکنگ لگا کر سپلائی کے لئے تیار کیا جا رہا تھا، حشرات کی بہتات، لائسنس، پروڈکٹ رجسٹریشن عدم موجود اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے، تیار شدہ املی، انار دانہ کو لاہور کے مختلف علاقوں کی چھوٹی بڑی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے مزید کہا لاہور سمیت پنجاب بھر میں جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں، شہری اشیاء کی خرید سے قبل لیبل ضرور پڑھیں، منظور شدہ اشیاء استعمال کریں، خوراک کے حوالے سے کسی بھی شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں۔