(لاہور نیوز) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کا فیصلہ ہے کہ اب دھرنا دینے والوں سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہونگے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج کرنے والوں کا رویہ سب نے دیکھا ہے، ان کے آنے سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے، انہوں نے آنا تھا انہوں نے آکر دیکھ لیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ان کے ہاتھ میں اسلحہ، غلیلیں ہیں، جانی ومالی نقصان کی ذمہ دار ایک عورت ہیں، ہمیں اسلام آباد کے شہریوں کا احساس ہے، گرفتار ہونے والوں کی ضمانت نہیں ہوں گی، جو بھی ڈی چوک آئے گا اسے گرفتار کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے غریب کے بچوں کو ڈھال بنایا ہوا ہے، ریاست کےصبر کو مت آزمائیں، بشریٰ بی بی ہمت کریں اورفرنٹ سے لیڈ کریں، گولی چلانا سب سے آسان کام ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ انہوں نے افغان شرپسندوں کو آگے لگایا ہوا ہے، یہ پرامن احتجاج نہیں ہے، پولیس والوں پرشیل فائر کیے گئے، ریاست بالکل کمزور نہیں، رٹ کو برقرار رکھیں گے۔
عطا تارڑ نے پارٹی پر پابندی سے متعلق سوال پر کہا کہ پارٹی پر پابندی سے متعلق ایک پروسیجر ہے جب وقت آئے گا اسے کر لیا جائےگا۔