(لاہور نیوز) مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی مذاکرات ہر چیز پر ہو سکتے ہیں، عمران خان ٹیبل پر بیٹھ کر راستہ نکالیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سیاسی ڈائیلاگ کے حق میں ہے، اگر مذاکراتی کمیٹی بنی بھی تو اس کے ممبران کے نام سامنے نہیں آئیں گے، مذاکرات ایک دوسرے کو جگہ دینے کا نام ہے، سیاسی مذاکرات ہر چیز پر ہو سکتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے سیاسی ڈائیلاگ کی خود آفرکی ہوئی ہیں، سیاست میں مذاکرات سے ہی بات آگے بڑھتی ہے، مذاکرات کے ذریعے معاملات سلجھالیں تو تحریک انصاف کے لیے بہتر ہے، اگر کسی کی ضمانت ہونی ہے تو وہ سیاسی مذاکرات کے ذریعے نہیں ہو سکتی۔
مشیر وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے پاس سیاسی قیادت کے ساتھ بات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، عمران خان سیاسی جماعتوں کے ساتھ ایک ٹیبل پر بیٹھیں اور آگے راستہ بنائیں، رولزآف گیم طے کریں، اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔