(لاہور نیوز) پرائیویٹ طلبہ کیلئے تعلیم کا حصول مزید مشکل ہو گیا، لاہور تعلیمی بورڈ نے داخلہ فیسوں میں اضافہ کر دیا۔
لاہور بورڈ نے نویں اور دسویں جماعت کی داخلہ فیسوں کا اعلان کر دیا، نہم کی داخلہ فیس 1610 سے بڑھا کر 2200 روپے کر دی گئی، جماعت دہم کی داخلہ فیس اب 2310 کے بجائے 3480 روپے ہو گی، جماعت نہم کی داخلہ فیس میں 590 روپے اور دہم کی فیس میں 1170 روپے تک اضافہ ہوا ہے، جماعت دہم کی سرٹیفکیٹ فیس 700 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کی گئی ہے۔
سپورٹس فیس 100 روپے اضافے سے 280 روپے کر دی گئی، ڈویلپمنٹ فیس 200 روپے سے بڑھا کر350 روپے مقرر کی گئی ہے، پروسیسنگ فیس 530 سے 870 روپے تک جا پہنچی، داخلہ فیس 700 روپے سے بڑھا کر 900 روپے کر دی گئی۔
لاہور تعلیمی بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ بورڈ کے روز مرہ کے معمولات چلانے کیلئے داخلہ فیس بڑھائی گئی ہے، حکومت کی جانب سے تعلیمی بورڈز کو کوئی فنڈز نہیں دئیے جاتے، آمدن کا بڑا ذریعہ امیدواروں کی فیسیں ہیں۔