26 ویں آئینی ترامیم کے بعد انسانی حقوق کیخلاف قوانین بنائے جارہے ہیں: فضل الرحمان
(لاہور نیوز) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 26 ویں ترامیم میں آئین کی روح کے خلاف بل پاس ہو رہے ہیں۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیاس بلور کی وفات کی تعزیت کے لئے آیا ہوں، الیاس بلور خطے کے سیاسی رہنما اور سماجی شخصیت تھے، الیاس بلور کی وفات پر گہرا صدمہ ہوا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کا علم نہیں کل برطانیہ سے آیا ہوں، خیبر پختونخوا 15 سال سے سکیورٹی کی بدترین صورتحال سے گزر رہا ہے، حکومت لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کے بجائے اپنی سیاست اور کرسی بچانے میں لگی ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ حکومت اپنی توانائیاں غیر سیاسی چیزوں میں صرف کررہی ہے، ہم نے اپنے دھرنے میں ایک ماہ سے زائد مذاکرات کئے، 26 ویں آئینی ترامیم کے بعد ایسے قوانین بنائے جارہے ہیں جو انسانی حقوق کے خلاف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم سے شق نمبر 8 کو نکال دیا گیا، 26 ویں آئینی ترامیم کے بعد دھڑا دھڑ قانون سازی کی جا رہی ہے، ملک میں انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے، ترامیم کے بعد کسی کو بھی پکڑ کر 90 دن تک رکھ سکتے ہیں، اپنے ہی ملک میں لوگوں کو مشکوک بنا دیا گیا ہے۔