نازیبا ویڈیوز لیک کیخلاف مشی خان نے بھی آواز بلند کردی،اداکارہ کا خواتین کو اہم مشورہ
(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ مشی خان نے نازیبا ویڈیوز اور تصاویر لیک کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے خواتین کو اہم مشورہ دے دیا۔
تفصیلا ت کےمطابق مشی خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر خواتین کے نام ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے اس سنگین مسلئے پر بات کی ہے۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں مشی خان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے سے ملک میں عجیب سا ٹرینڈ چل پڑا ہے، کسی نہ کسی لڑکی، ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا اسٹار کی نامناسب ویڈیو لیک ہو جاتی ہے۔ چند روز قبل ایک ٹک ٹاکر لڑکی کی نازیبا ویڈیوز وائرل ہوئی، اب پھر گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی ایک اور ٹک ٹاکر کی انتہائی ذاتی ویڈیوز لیک ہوئی ہیں جو کہ افسوس ناک ہے۔
اداکارہ نے متعلقہ حکومتی اداروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو ملک میں ٹرینڈ چل پڑا ہے وہ غلط ہے، ایسی ویڈیوز وائرل ہونے کے خلاف پی ٹی اے، سائبر کرائم اور دیگر ادارے سخت ایکشن لیں۔مشی خان نے لڑکیوں، خواتین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ زمانہ بہت خراب ہے، وہ کسی بھی صورت کسی پر بھی بھروسہ نہ کریں، اگر ایسی فرمائشیں آپ کا شوہر بھی کر رہا ہے تو جذبات میں آ کر اس سے بھی اپنی ذاتی ویڈیوز اور تصاویر شیئر نہ کریں، کسی کو بھی خوش کرنے کے لیے ایسے اقدامات نہیں کرنے چاہئیں۔مشی خان کے مطابق ایسی ویڈیوز اور تصاویر کے بعد لڑکے لڑکیوں کو بلیک میل کرتے ہیں اور لڑکیاں خودکشی کرنے پر مجبور ہو جاتی ہیں، اس لیے ایسا قدم نہ اٹھائیں۔