(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں کے لئے ایکوا شریمپ فارمنگ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کر دیا۔
منصوبے کے تحت فشریز ایکوا کلچر اور زوالوجی کی ڈگری رکھنے والے نوجوانوں کو جھینگے فارمنگ کی پریکٹیکل ٹریننگ دی جائے گی، نوجوان انٹرنیز کو 6 ماہ کے دوران ماہانہ 50 ہزار روپے وظیفہ بھی ملے گا، ینگ زوالوجسٹس کو مظفر گڑھ میں فشریز ڈیپارٹمنٹ کے شریمپ فارم پر ٹریننگ دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں مانگ سے شریمپ فارمنگ سے فائدہ اٹھانا چاہئے، صرف ایک لاکھ ایکڑ پر شریمپ فارمنگ سے ایک ارب ڈالر سے زائد زرمبادلہ حاصل ہو سکتا ہے، جنوبی پنجاب کی بنجر اور ویران زمین کو شریمپ فارمنگ سے قابل استعمال بنایا جائے گا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ شریمپ فارمنگ کی حوصلہ افزائی کے لئے فارمرز اور انویسٹرز کو لیز پر زمین، مراعات اور درکار آلات دئیے جائیں گے، شریمپ فارمنگ کے فروغ سے 10سے 20 ہزار لوگوں کو روز گار کے مواقع مل سکتے ہیں، نوجوان شریمپ فارمنگ سے خود روزگار اور مالی خود مختاری حاصل کر سکتے ہیں۔
نوجوان انٹرن شپ کے لئے آن لائن جاب پورٹل کی ویب سائٹ پر اپلائی کر سکتے ہیں۔