(لاہور نیوز) رحیم یارخان پولیس نے کچہ میں خفیہ اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے اندھڑ گینگ کے سرگرم رکن اور خطرناک ڈاکو کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت مختار عرف ودھایا شیخ کے نام سے ہوئی، ہلاک ڈاکو کے قبضہ سے کلاشنکوف، سیکڑوں کی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں، ہلاک ڈاکو پولیس کو مطلوب ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا برائے تاوان کا مرکزی ملزم نکلا، ہلاک ڈاکو ڈکیتی، پولیس پر حملوں کی متعدد وارداتوں میں مطلوب اندھڑ گینگ کا مرکزی کارندہ تھا، آپریشن ڈاکوؤں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر سندھ سے متصل بستی سعید عباسی کے عقب موضع داعوالہ میں کیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کےمطابق پولیس کو بکتر بند گاڑیوں، ایلیٹ کمانڈوز، نائٹ ویژن گاگلز اور بھاری ہتھیاروں کی مدد حاصل تھی، مسلح ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی، پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں خطرناک ڈاکو مختار شیخ ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔
ملزم کے ساتھی ڈاکو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کھیتوں میں فرار ہو گئے، پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا، آپریشن میں ڈی ایس پی بھونگ، انچارج سی آئی اے، ایس ایچ او بھونگ سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور پولیس ٹیم کو شاباش دی، آئی جی پنجاب نے کہا پولیس کچہ سے دہشت گردوں، ڈاکوؤں، شر پسند عناصر کے مستقل خاتمہ کے مشن پر گامزن ہے۔