حکومت کا کام پالیسی فریم ورک،معاشی بہتری کیلئے مل کر کردار ادا کرنا ہوگا: وزیر خزانہ
(لاہورنیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کا کام پالیسی فریم ورک ہے، معیشت کی بہتری کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
کراچی میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) سٹارٹ اپ سمٹ سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے شعبے میں ہونے والی ترقی پاکستان کے لئےگیم چینجر ثابت ہوگی، سٹارٹ اپ سسٹم اداروں کو بہترکرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیزوں کو بہتر کرنے کے لئے اداروں کےدرمیان رابطےمضبوط ہونا انتہائی ضروری ہے، آئی ٹی کے ذریعے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے، مالیاتی شمولیت میں ٹیکنالوجی انتہائی اہم کردار ادا کرے گی۔محمد اورنگزیب نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ریاض میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات ہوئی، ریاض میں منعقدہ کانفرنس کا تھیم آرٹیفشل سپر انٹیلی جنس تھا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر سرمائے کی فراہمی میں تکنیکی درستگی آئی ہے، معیشت میں بہتری کے لئے اقدامات اولین ترجیح ہے، چیزیں بہتر ہورہی ہیں لیکن سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا کام پالیسی فریم ورک اور اس میں تسلسل برقرار رکھنا ہے، نجی شعبوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کاموں کو توسیع دیں۔