(لاہور نیوز) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے جج کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کے کیس میں ملزم صدیق انجم کی عبوری ضمانت میں 23 نومبر تک توسیع کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے جج کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کے کیس میں ملزم کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم نے مقدمے میں پشاور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے، پشاور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت کے باعث عدالت مقدمے میں ضمانت مسترد کرے۔
وکیل صفائی انصر کیانی نے کہا کہ ایف آئی اے حکام عدالت کو گمراہ کر رہے ہیں، مقدمے میں حفاظتی ضمانت نہیں لی، صدیق انجم نے پشاور ہائی کورٹ سے دیگر نامعلوم مقدمات میں حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے، عدالت نے نامعلوم مقدمات میں ایف آئی اے کو ملزم کی گرفتاری سے روک رکھا ہے۔
بعدازاں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے جج کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کے کیس میں ملزم صدیق انجم کی عبوری ضمانت میں 23 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔