سموگ تدارک کریک ڈاؤن، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو 08 لاکھ 64 ہزار روپے کے چالان
(لاہور نیوز) سموگ تدارک کیلئے کریک ڈاؤن کے دوران دھواں چھوڑنے پر 432 گاڑیوں کو 08 لاکھ 64 ہزار روپے کے چالان کئے گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے حکم پر سموگ تدارک کریک ڈاؤن جاری ہے، چوبیس گھنٹوں میں دھواں چھوڑنے والی 712 گاڑیوں کیخلاف کارروائی کی گئی۔
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے انتہائی خستہ حال 61 گاڑیوں کو 01 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے ہیں، ترپال ڈھانپے بغیر والی ریت، مٹی و دیگر 16 ٹرالیوں کو 32 ہزار جرمانہ کیا گیا، انتہائی خستہ حال 233 گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند بھی کروایا گیا ہے اور جعلی فٹنس سرٹیفکیٹس رکھنے پر 01 گاڑی کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کریک ڈاؤن کیلئے ٹریفک پولیس، محکمہ ماحولیات اور مائنز ڈیپارٹمنٹ کی 06 مشترکہ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں، پانی و دیگر حفاظتی اقدامات کے بغیر ٹریکٹر ٹرالی چلانے کی اجازت نہیں، تمام ڈی ایس پیز شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی کارروائیاں کر رہے ہیں، انسدادِ تجاوزات کیمپس کو مزید متحرک اور فعال کر دیا گیا ہے، سکول و کالجز، بس اڈوں اور سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں آگاہی لیکچرز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔