(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی کو ملک بھر میں متحرک کرنے کے لیے ڈاکٹر محمد امجد کو پارٹی کا چیف آرگنائزر مقرر کر دیا۔
پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کو پارٹی کا مرکزی چیف آرگنائزر مقرر کر کے باقاعدہ نوٹیفیکشن جاری کر دیا اور انہیں ملک بھر میں ناراض ساتھیوں کو منانے، تنظیم سازی ،ونگز کو متحرک، بیرون ممالک میں پارٹی کی تنظیم نو کرنے کی ہدایت کر دی۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مسلم لیگ بانی جماعت ہے اسے بھرپور انداز میں متحرک اور فعال کرنا ہر عہدے دار اور کارکن کی ذمہ داری ہے، ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کے بھی آپس میں قریبی روابط ہونے چاہیں تاکہ ملک میں سیاسی استحکام میں مدد ملے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی ڈائیلاگ ہی ملکی مسائل کا حل ہے، انہوں نے امید ظاہر کی نومنتخب چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے پارٹی کے پیغام، منشور اور پروگرام کو کارکنوں اور عام آدمی تک پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔