ترقیوں اور تقرریوں پر شکوک و شبہات، پی ایچ اے پر اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل
(لاہور نیوز) پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور میں ہونے والی تعیناتیوں، ترقیوں اور تقرریوں پر شکوک و شبہات سامنے آ گئے۔
محکمہ ہاؤسنگ نے پی ایچ اے پر اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی بنا دی، پنجاب حکومت نے انکوائری کمیٹی کو مختلف ذمہ داریاں تفویض کر دیں، ڈائریکٹر ڈیزائن چیف انجینئر نارتھ زون پی ایچ ای ڈیپارٹمنٹ فیصل کامران کو انکوائری کمیٹی کا ہیڈ مقرر کر دیا گیا۔
لاہور نیوز کو موصول ہونے والے مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ انکوائری کمیٹی پی ایچ اے لاہور میں ہونے والی تقرریوں، بھرتیوں، ترقیوں اور ڈیپوٹیشنز کی مکمل تحقیقات کرے گی، تقرریوں، بھرتیوں، ترقیوں اور ڈیپوٹیشنز کی مکمل شفافیت کے بعد انکوائری کمیٹی تعیناتی کا فیصلہ کرے گی، محکمہ ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب نے پی ایچ اے لاہور میں کی گئی تقرریوں، ترقیوں اور ڈیپوٹیشنوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
محکمہ ہاؤسنگ نے پی ایچ اے لاہور کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر حافظ ابرار کی پرموشن پر اعتراضات لگا دیئے، چیف سیکرٹری پنجاب کی تحقیقاتی ٹیم نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر حافظ ابرار کی پرموشن کو واپس کرنے کا حکم دے دیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی ایچ اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر حافظ ابرار کو غیرقانونی طور پر عہدے پر اپ گریڈ کیا گیا، پی ایچ اے حافظ ابرار کو بطور گارڈن سپرنٹنڈنٹ ترقی دینے کا مجاز ہے، تحقیقاتی ٹیم نے کہا کہ حافظ ابرار کو پوری سروس میں ترقی اور پرموشن نہیں دی جائے گی، اس پوسٹ کی اپ گریڈیشن اور پرموشن کو تبدیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی تحقیقاتی ٹیم نے پی ایچ اے کو تقرریوں، ترقی اور بھرتیوں سے پہلے ایس این جی اے ڈی سے پوچھنے کا حکم دے دیا، انکوائری کمیٹی کو جلد رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کر دی گئی۔