24 Oct 2024
(لاہورنیوز) ازبکستان کے سفیر علی شیر تختییو نے سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات میں کہا ہے کہ تاشقند سے لاہور کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
ازبکستان کے سفیر علی شیر تختییو نے کہا کہ ازبکستان سے براہ راست پروازوں کا دائرہ جلد ہی پاکستان کے دیگر شہروں تک پھیلائیں گے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور ازبکستان کا معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر مل کر کوششیں آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ 27 اکتوبر کو ازبکستان کے انتخابات کے لئے پاکستانی سینیٹرز کا تین رُکنی وفد عالمی مبصر کے طورپر جارہا ہے۔انتخابات کے انعقاد کے موقع پر بطور مبصر دعوت دینے پر سینیٹر عرفان صدیقی نے ازبکستان کی حکومت اور سینٹرل الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔