(ویب ڈیسک) فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے بطور سلیکٹرز لاہور قلندرز کے ٹرائلز کا جائزہ لیا۔
یونیورسٹی آف لاہور میں ہونے والے ٹرائلز میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے اپنی قسمت آزمائی کی،قومی ٹیم کے فاسٹ باولر شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے بطور سلیکٹر کھلاڑیوں کے انتخاب میں اپنا حصہ ڈالا اور نوجوانوں کے لیے اسے بہترین موقع قرار دیا۔
پی ایس ایل سیزن 10 میں نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے کے لیے لاہور قلندرز نے ٹرائلز کا انعقاد کیا جس میں فاسٹ باولر شاہین آفریدی اور حارث روف نے اسپیڈ گن کے ذریعے باولرز کی سپیڈ کے علاوہ ان کی لائن اور لنتھ سمیت فٹنس کا بھی جائزہ لیا۔
شاہین آفریدی اور حارث روف کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی پی ڈی پی پروگرام کے ذریعے یہاں تک پہنچے ہیں، نوجوان لڑکوں کے لیے موقع ہے کہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم بھی مکمل کر سکیں گے۔سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کا کہنا تھا کہ ہمارا ہائی پرفارمنس سنٹر سال بھر جاری رہے گا،لاہور قلندرز کے پی ڈی پی پروگرام کے تحت منتخب ہونے والے نوجوان کرکٹرز یونیورسٹی آف لاہور میں مفت تعلیم بھی دی جائے گی۔