(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے علی الصبح قذافی سٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
قذافی سٹیڈیم کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ نے سپیڈ پکڑ لی، بیسمنٹ کی تکمیل کے بعد فلورز کی تعمیر اور سٹیل فکسنگ سٹرکچر کا کام تیز کر دیا گیا ہے، سٹیڈیم کے انکلوژرز پر دن رات تعمیراتی کام جاری ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور انکلوژرز کی اپ گریڈیشن کے کام کا معائنہ کیا، محسن نقوی نے فلورز اور سٹیل فکسنگ ورک پر پیش رفت کا مشاہدہ بھی کیا۔
محسن نقوی نے پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کام کے بہترین معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، چیمپئنز ٹرافی سے قبل قذافی سٹیڈیم اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی تکمیل کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ میگا پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، پوری ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے، پراجیکٹ کو ریکارڈ مدت میں مکمل کریں گے۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایف ڈبلیو او حکام کو پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے ہدایات بھی دیں۔