متوازی ہاکی ایسوسی ایشن بنانیوالوں اور متوازی سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں پر10 سال کی پابندی
(لاہورنیوز) سندھ اولمپک ایسوسی ایشن نے صوبے میں متوازی ہاکی ایسوسی ایشن بنانے والوں اور متوازی سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں پر دس سال کی پابندی لگادی۔
ایس او اے نے ایک خط کے ذریعے حکومت سندھ کے محکمہ کھیل کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا،ایس او اے نے خط لکھنے کا فیصلہ سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر میئر کراچی مرتضی وہاب کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے بعد کیا ۔سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اکبر قائم خانی نے ایس او اے کو متوازی سرگرمیوں کے حوالے سے اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔
خط کے متن میں کہا گیا کہ جیکب آباد،حیدر آباد،جامشورو، شکار پور کے سرکاری افسران صوبے میں متوازی ہاکی ایسوسی ایشن بنانے کی کوشش کررہے ہیں، جیکب آباد کے ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن رمضان جمالی متوازی ایسوسی ایشن اور متوازی سرگرمیوں کے سربراہ کا کردار ادا کررہے ہیں۔
حیدر آباد کے اسلم خان نیازی، جامشورو کے وکیل احمد، شکار پور کے اعجاز کھوکھر متوازی سرگرمیوں میں شامل ہیں ۔خط میں مزید کہا گیا کہ حکومت سندھ متوازی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرے،ایجوکیشن اینڈ لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ اور تمام تعلیمی بورڈ متوازی ایسوسی ایشن اور متوازی سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں پر دس سال کی پابندی عائد کریں۔