(لاہور نیوز) باغوں کے شہر کا حسن سموگ کے روگ نے ماند کر دیا، اے کیو آئی بھی 400 سے اوپر جا پہنچا۔
باغوں کے شہر پر سموگ پوری قوت سے حملہ آور ہو چکی ہے، رواں سیزن میں پہلی بار آلودگی کی شرح 400 کا خطرناک ہندسہ عبور کر گئی، کم ٹریفک کے باوجود صبح کے وقت اے کیو آئی 426 تک جا پہنچا۔
گلبرگ جیسے پوش علاقے میں سب سے زیادہ شرح 700 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا، بیدیاں روڈ پر 690 اور برکی روڈ پر 673 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا، شملہ پہاڑی کے اطراف آلودگی کی شرح 615 ریکارڈ کی گئی۔
اس طرح اوسطاً 426 اے کیو آئی کی شرح کے ساتھ لاہور آلودہ ترین شہر قرار پایا، دوپہر میں بھی شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح 200 سے اوپر رہی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آلودگی کی شرح 150 سے اوپر ہو تو مضر صحت قرار دی جاتی ہے، 200 سے اوپر ہو تو جاگنگ اور تیز چلنا بند کر دیا جائے، 300 سے زائد ہو تو گھروں سے غیر ضروری نہ نکلیں، یہی شرح 400 سے اوپر ہو تو اس کا مطلب ہیلتھ ایمرجنسی ہے، دل اور دمے کے مریضوں کے ساتھ تندرست افراد بھی بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔