19 Oct 2024
(لاہور نیوز) سریلی آواز کی مالکہ زبیدہ خانم کو مداحوں سے بچھڑے 11 برس بیت گئے، انہوں نے اداکاری کے میدان میں بھی اپنا لوہا منوایا۔
زبیدہ خانم کا جنم بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں 1935ء میں ہوا، تقسیم کے وقت ان کا خاندان امرتسر کے قریبی شہر لاہور آ کر آباد ہو گیا، ان کا تعلق موسیقی کے کسی بڑے اور روایتی گھرانے سے نہیں تھا تاہم زبیدہ خانم نے جو گایا وہ سب کے دلوں کو بھایا۔
زبیدہ خانم نے 1950ء اور 1960ء کی دہائی میں اپنی آواز کا جادو جگایا اور 250 سے زیادہ گیت ریکارڈ کروائے، انہوں نے چند فلموں میں بطور معاون اداکارہ بھی کام کیا۔
زبیدہ خانم 19 اکتوبر 2013ء کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث لاہور میں انتقال کر گئیں لیکن اپنی سریلی آواز کے ذریعے آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔