(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ فلسطین کے مظلوم عوام کی حالت زار پر دنیا کی خاموشی انسانیت کے لئے ایک المیہ ہے۔
یوم اظہار یکجہتی فلسطین پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ صرف فلسطینیوں کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، فلسطین کے لوگ اپنے بنیادی حقوق اور اپنی زمین کے تحفظ کے لئے لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے فلسطین کے موقف کی مکمل حمایت کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا، مسلم لیگ (ن) نے ہر فورم پر فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اٹھائی ہے، وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے فلسطین اور کشمیر کے مسئلے اور اس کے حل کا روڈ میپ جاندار انداز میں پیش کیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، جب تک اس کا منصفانہ حل فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق نہیں نکلتا دنیا میں امن کا قیام ممکن نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہئے کہ فلسطین کے مظلوم عوام کی مدد کے لئے آگے بڑھیں اور ان کے حقوق کا تحفظ کریں۔