(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ویسٹ مینجمنٹ کا جامع پلان بنا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں کاربن پیدا کرنے والے 5 ہاٹ سپاٹس کو چنا گیا ہے، ان میں بادامی باغ، محمود بوٹی، لکھو ڈیر، داروغہ والا اور قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ شامل ہیں، ان علاقوں سے صنعتوں کی منتقلی کیلئے الگ زمین اور فنڈز مختص کئے جا رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ انرجی سیکٹر میں شمسی توانائی پر وزیراعلیٰ نے خصوصی توجہ دی، روشن گھرانہ پروگرام کے تحت 50 ہزار گھروں کو سولر پینل دیئے جا رہے ہیں، 36 ڈی ایچ کیو ہسپتال، ٹیوب ویل، واسا اور پبلک سروس عمارات بھی سولر پر جائیں گی۔
مزید برآں ایجوکیشن سیکٹر میں پنجاب گرین سکول پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے، پروگرام میں صاف ماحول سے آگاہی اور شجر کاری مہم شامل ہیں، سموگ کے ایام میں سکولوں کے اوقات میں تبدیلی بھی ہو گی، سموگ سے متاثرہ افراد کے علاج معالجے کیلئے ہیلتھ سیکٹر کو بھی فوکس کیا گیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے شہر میں سموگ کی شرح خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں شہر کو سموگ سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدام کئے جائیں گے۔