04 Oct 2024
(ویب ڈیسک) ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ کیلئے آل راؤنڈر فہیم اشرف کو پاکستانی ٹیم کا کپتان نامزد کر دیا گیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آل راؤنڈر فہیم اشرف ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ میں 7 رکنی پاکستانی سکواڈ کی قیادت کریں گے۔
ٹورنامنٹ یکم سے 3 نومبر تک ہانگ کانگ کے کولون کرکٹ کلب میں کھیلا جائے گا جس میں 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پاکستان نے 1993 میں ٹورنامنٹ کے آغاز سے لے کر اب تک یہ ٹورنامنٹ 4 مرتبہ جیتا ہے جبکہ وہ 5 بار ایونٹ کا رنر اَپ رہا ہے جس میں 2017 میں منعقدہ آخری ایڈیشن کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنا بھی شامل ہے۔
پاکستان سکواڈ میں فہیم اشرف (کپتان)، عامر یامین، آصف علی، دانش عزیز، حسین طلعت، محمد اخلاق (وکٹ کیپر) اور شہاب خان شامل ہیں، سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر بلے باز سلیم یوسف ٹیم کے منیجر ہوں گے۔