اسلام آباد: دفعہ 144 نافذ، خلاف ورزی کرنیوالے نرمی کی توقع نہ رکھیں: محسن نقوی
(لاہور نیوز) پی ٹی آئے کے 4 اکتوبر کو ہونیوالے احتجاج کی کال پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنیوالے نرمی کی توقع نہ رکھیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم پاکستان کے دورے پر ہیں اور اسلام آباد میں اہم نوعیت کی عالمی تقاریب جاری ہیں، غیر ملکی سربراہ کی موجودگی میں پی ٹی آئی کا احتجاج مناسب نہیں۔
انھوں نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے جلسے کی جگہ مختص کر دی ہے لیکن تحریک انصاف نے کل احتجاج کی کال دی ہوئی ہے، کسی نے دھاوابولا تو کوئی شکوہ نہ کرے کیونکہ سکیورٹی انتظامات میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ سعودی اور چینی وفودبھی پاکستان پہنچ رہے ہیں جس کے لئے ہم نے سکیورٹی کے پیشگی انتظامات کر لئے ہیں، کنٹینرز کھڑے کرنا ہماری مجبوری ہے، فوج اور پیرا ملٹری فورسز کو اسلام آباد طلب کر لیا گیا ہے، احتجاج کو روکنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے،
انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتےکہ ملک کی بدنامی ہو اور پریشانی کا باعث بنے، احتجاج کرنا آپ کاحق ہے لیکن ان 10 سے 12 دنوں میں نہ کریں، عالمی رہنما موجود ہے، کوئی احتجاج برداشت نہیں کریں گے، مولانا سے 25 سال کا تعلق ہے، کسی کی خواہش پر ختم نہیں کر سکتا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کئی سال بعد پاکستان میں عالمی کانفرنس ہونے جا رہی ہے، پی ٹی آئی والے احتجاج کی کال سے پہلے ملک کا مفاد دیکھیں، ایس سی او کانفرنس کی کامیابی ہر پاکستانی کی کامیابی ہے، ہم نے کچھ لوگ پکڑے ہیں وہ کس طرح تیاری کر رہے تھے، پکڑے جانے والوں کے پاس غلیل، پتھر اور کیل والے ڈنڈے پکڑے گئے ہیں، اگر صرف احتجاج ہو تو ایسی پلاننگ نہیں ہوتی۔