(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے روڈا کی اراضی پر تجاوزات روکنے کے لئے سپیشل پولیس فورس کے قیام کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں روڈا منصوبوں کی تکمیل اور جاری منصوبوں پر تفصیلی جائزہ لیا گیا، سی ای او روڈا عمران امین نے شرکاء کو راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران روڈا منصوبوں کی تکمیل کیلئے چین و دیگر بین الاقوامی اداروں سے اشتراک کا فیصلہ کیا گیا جبکہ بین الاقوامی سطح کے ٹوئن سٹی منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ کو روڈا میں فاریسٹ ایریا 20 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کرنے پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے روڈا ایریا میں اراضی کی غیر قانونی خریدوفروخت روکنے کا حکم دے دیا جبکہ روڈا کی اراضی پر تجاوزات روکنے کے لئے سپیشل پولیس فورس کے قیام کی منظوری بھی دے دی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری، چیف سیکرٹری ، سیکرٹری ہاؤسنگ اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔