(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات نے جدید سرویلنس ریڈار خریدنے کا فیصلہ کر لیا، 5 فکسڈ سرویلنس ریڈار ملک کے مختلف حصوں میں لگائے جائیں گے۔
محکمہ موسمیات 3 پورٹیبل سرویلنس ریڈار بھی خریدے گا جبکہ 300 آٹومیٹک ویدر سٹیشنز کی تنصیب ملک کے مختلف شہروں میں کی جائیگی۔
ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات مہر صاحبزاد خان کے مطابق خیبرپختونخوا کے شہروں چراٹ، ڈیرہ اسماعیل خان میں 2، بلوچستان کے شہروں کوئٹہ ، گوادر میں 2 جبکہ پنجاب کے شہر لاہور میں ایک ریڈار نصب ہو گا۔
مہر صاحبزاد خان نے بتایا کہ کراچی میں پہلے ہی سے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ریڈار سٹیشن موجود ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے بروقت آگاہی، درست تجزیے کے لیے آٹومیٹک ویدر سٹیشنز انتہائی معاون ثابت ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے جدید آلات ورلڈ بینک کے تعاون سے نصب کیے جائینگے، مقامی انجینئرز کے علاوہ غیر ملکی ماہرین منصوبے کی تکمیل میں معاونت کرینگے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق جدید آلات سے مزین موسمیاتی نظام کا منصوبہ 3 سال میں مکمل ہو گا، اس منصوبے پر 14 ارب روپے پاکستانی جبکہ 50 ملین ڈالرز کی لاگت آئیگی۔
مہر صاحبزاد خان نے کہا کہ ڈی جی محکمہ موسمیات آٹومیٹک ویدر سٹیشنز سے موسمیاتی صورتحال کی مانیٹرنگ مزید بہتر انداز میں ہو سکے گی۔