(لاہور نیوز ) اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی پر پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ سے پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کے بعد ایف سی طلب کر لی گئی۔
اسلام آباد کے علاقے سنگجانی کی مویشی منڈی میں تحریک انصاف کا جلسہ جاری ہے، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں سے کارکن اب بھی جلسہ گاہ کے راستے میں ہیں۔
شہر اقتدار کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو جلسے کیلئے دیا گیا وقت ختم ہو گیا، ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلسہ منتطمین نے این او سی کے قواعد و ضوابط کےخلاف ورزی کی ہے، دیےگئے این او سی کے مطابق جلسہ7بجے تک ختم کرنا تھا۔
ضلعی انتظامیہ نے پولیس کو کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں جبکہ جلسہ منتظمین کو بھی کاروائی سےمتعلق آگاہ کر دیا گیا ہے، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے جلسہ گاہ فوری خالی کرانے کی ہدیت کی اور کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ذرائع کے مطابق 26 نمبر چونگی پر جلسہ شرکا نے جاری کردہ روٹ کی خلاف ورزی پر پولیس کے روکنے پر جلسے کے شرکا نے پتھراؤ کیا، جلسے کے شرکاکے پتھراؤ سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی شعیب خان بھی زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب جلسے کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے شہر کے 29 مقامات سیل کئے گئے، مختلف داخلی اور خارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند جبکہ جلسہ گاہ کی سکیورٹی کے لیے موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سروس کو ڈاؤن کر دیا گیا، میٹرو بس بند ہونے سے شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا رہا،،،تاہم اطلاعات کے مطابق جلسہ گاہ سے بارودی مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی، حامد رضا سمیت دیگر پی ٹی آئی قیادت ایران ایونیو پر پہنچ گئی ،پی ٹی آئی قیادت کو راستے میں رکاوٹوں کے باعث جلسہ گاہ پہنچنے میں تاخیر کا سامنا ہے، کارکنان ہزاروں کی تعداد میں موجود ہیں۔
اس موقع پر بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھا کہ آج کا جلسہ تاریخی ہونے جا رہا ہے، جلسہ ایک گھنٹے تک شروع ہو جائے گا، دوسری جانب شاہ اللہ دتہ کے مقام پر پی ٹی آئی کارکنوں نے کنٹینرز ہٹا دیئے، گاڑیوں کی ٹکر سے کنٹینرز سڑک سے نیچے گرا دیئے، کنٹینرز سڑک سے ہٹا کر مارگلہ ایوینیو کھول دیا گیا، مارگلہ ایوینیو سے ٹریفک سنگجانی کی جانب رواں دواں ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور بھی پشاور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے، وزیر اعلیٰ قافلوں کے پیچھے پیچھے جارہے ہیں، ترجمان وزیر اعلیٰ پختونخوا کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں وزیر اعلیٰ قافلوں سے آگے نکل جائیں، علی امین گنڈا پور دیر ہونے کی وجہ سے میڈیا سے گفتگو کئے بغیر اسلام آباد کے لیے نکل گئے ہیں۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جلسہ گاہ کے قریب سے بارودی مواد برآمد ہوا جو کہ بم ڈسپوزل سکواڈ نے قبضے میں لے لیا، جلسہ گاہ سے ہینڈ گرنیڈ، راکٹ لانچر، ڈیٹونیٹر اور بم برآمد کر لئے گئے، پولیس کے بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے جبکہ پولیس کی بھاری نفری کو جلسے کے ارد گرد تعینات کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سنگجانی پولیس کی جانب سے آج سے 9 ستمبر تک سنگجانی میں ہوٹل، گیسٹ ہاؤس اور ریسٹورنٹ بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، اس دوران کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کسی قسم کا سامان نہیں دیا جائے گا۔
تحریک انصاف جلسہ گاہ کے اطراف ہوٹل اور دکانیں بند کرنے کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کوئی اور سہولت فراہم نہ کی جائے۔
تھانہ سنگجانی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق یہ بھی کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی، علاوہ ازیں اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے پیشِ نظر میٹرو بس سروس مکمل بند کر دی گئی، انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس راولپنڈی صدر سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک بند کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے سیاسی پاور شو کے پیش نظر جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی سست ہو گئی، انٹرنیٹ سروس کی سست روی کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے، قبل ازیں چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، اسد قیصر، محمود اچکزئی نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
پی ڈی ایم کے رہنما محمود اچکزئی نے کہا کہ سب چاہتے ہیں ملک بحرانوں سے باہر نکلے، نواز شریف سمجھ گئے ہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے مل بیٹھنا ہو گا، بغیر انصاف کے دنیا کا کوئی نظام نہیں چل سکتا، بانی پی ٹی آئی نے اگر غلط کام کیا تو یہ لوگ کیوں دہرا رہے ہیں؟
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک کو غاصبوں سے نجات دینے کیلئے سب کو نکلنا ہو گا، عدلیہ پر وار کیا گیا تو یہ پاکستان کیلئے بڑا المیہ ہو گا، ہمارے ایم این ایز اور سینیٹرز کو دباؤ میں لایا جا رہا ہے، یہ قانون سازی کر رہے ہیں یا من مانی کر رہے ہیں؟