(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ و سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے۔
یومِ دفاع کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک دھرتی کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 6 ستمبر کو پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے مادر وطن کا بھرپور دفاع کیا، رات کی تاریکی میں حملہ آور بزدل دشمن کو پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا، افواج پاکستان کے جری سپوتوں نے بے مثال بہادری سے دشمن کو پسپا کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں اور فوجی جوانوں کی جرات و بہادری ہماری پہچان اور فخر ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاک وطن کے جوانوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ثابت کیا کہ قومیں جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان اور حوصلے سے جیتتی ہیں، تاریخ عالم پاک فوج کی بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں اپنے فوجی جوانوں کی بہادری اور عزم کو یاد دلاتا ہے، ہم آج اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔