(لاہور نیوز) یوم دفاع کی مناسبت سے لاہور اور اسلام آباد میں بھی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ، چاق و چوبند دستوں کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔
لاہور میں میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب ہوئی جس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جی سی 11 کے میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر گلدستہ رکھا۔
پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی ، تقریب میں شہریوں اور فوجی افسران کی جانب سے فاتحہ خوانی بھی کی گئی، تقریب میں میجر شبیر شریف شہید کے اہلخانہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
ادھر نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں بھی یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، پاکستان نیوی کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی، وائس چیف آف نیول سٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر یادگار شہدا ء پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی، تقریب میں افسران اور جوانوں کے ساتھ شہداء کے اہلخانہ نے بھی شرکت کی اور شہداء کےدرجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔