(لاہور نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین وسابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مسلح افواج کی جرات اور قربانیاں قوم کیلئے فخر اور حوصلے کا باعث ہیں۔
یومِ دفاع کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، آج کا دن قوم کو ایک بار پھر اس جذبۂ استقامت اور حب الوطنی کی یاد دلاتا ہے جو ہمیں یکجا کرتا ہے، ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے سرحدوں کی حفاظت کی اور ہماری خودمختاری کو برقرار رکھا ہے، ہمارے شہداء اور غازیوں کی قربانیاں قوم کے دلوں میں نقش ہیں، وطن کے لئے ہماری افواج کی غیر متزلزل وابستگی ہر پاکستانی کے لئے قابل فخر ہے، پاکستان کی سلامتی و استحکام کا انحصار نہ صرف افواج کی طاقت پر ہے بلکہ عوام کی یکجہتی پر بھی ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام اور افواج کے درمیان یکجہتی ہی ہمیں ناقابلِ تسخیر بناتی ہے، قوم مِل جُل کر پاکستان کی خوشحالی اور دفاع کے لئے کام جاری رکھے۔