(لاہور نیوز) پاکستانی قوم کے لئے ایک قابل فخر قومی دن یوم دفاع ملک بھر میں آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، پوری قوم نے اپنے شہداء اور بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آج ہی کے دن 1965ء میں پاک فوج کے بہادر جوانوں نے مکار دشمن کی تمام تر چالوں کو ناکام بنایا تھا، بزدل دشمنوں کو ارض پاک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے پر سبق سکھایا تھا۔
6 ستمبر 1965ء کی صبح بھارت نے لاہور کے قریب سرحد عبور کی اور پاکستانی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، پاکستانی فوج نے فوری ردعمل دیتے ہوئے دشمن کی پیش قدمی کو روکا، نہ صرف دشمن کو سرحد پار دھکیل دیا بلکہ جوابی حملے میں بھارتی افواج کو بڑی شکست دی۔
عالمی سطح پر اپنی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا منوایا، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کیسے پاکستانی افواج اور قوم نے وطن کے دفاع میں بے مثال قربانیاں دیں، شجاعت، ایثار اور بہادری کی لازوال داستان رقم کرنے والوں کو قوم آج سلام پیش کرتی ہے۔