(لاہور نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تمام ججز قابل احترام کسی کا راستہ نہیں روک رہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام "ٹونائٹ ود ثمر عباس" میں گفتگو کرتے ہوئے عطار تارڑ کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کےساتھ احترام کا رشتہ ہے، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہمارا رابطہ رہتا ہے، مولانا کے ساتھ ایک فطری اتحاد ہے، مولانا کے گھر جانا کوئی اچنبھےکی بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اپوزیشن بنچوں میں بیٹھا ہو تو تعلق ختم نہیں ہو جاتا، مولانا سے ٹوتھرڈ میجورٹی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی نہ ہی نمبرز گیم کے حوالے سے کوئی ڈسکشن ہو رہی ہے ۔
قومی اسمبلی میں عدلیہ کے حوالے سے ترمیم کی خبروں پر عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم تمام ججز کا احترام کرتے ہیں، کسی جج کے راستہ روکنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہو رہی ہے، جب مناسب وقت ہو گا نئے چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن ہو جائے گا، جسٹس منصور علی شاہ کے چیف جسٹس بننے سے ہمارے کوئی خدشات نہیں، سو بسم اللہ! وہ آکر جتنے مرضی حلقے کھولنے کا حکم دیں۔
گوجرانوالہ کے قومی اسمبلی کے حلقے میں دوبارہ گنتی کے معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ گوجرانوالہ کا حلقہ ایک متنازع حلقہ تھا، حلقےکا معاملہ سپریم کورٹ گیا تھا، ذوالفقار بھنڈر کی پوزیشن مستحکم تھی، ذوالفقار بھنڈر نے جن تحفظات کا اظہار کیا تھا وہ درست ثابت ہوئے، ہمارے تینوں امیدوار پہلے دن سے یہ جنگ لڑ رہے تھے، علی گوہر کی درخواست سپریم کورٹ میں ریجیکٹ ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کی پارٹی میں قبضے کی جنگ چل رہی ہے، فیض حمید اوربانی پی ٹی آئی کے کیسز چل رہے ہیں، تحقیقات میرٹ پر ہو رہی ہے ، فوج کا احتساب کے حوالے سے اپنا ایک نظام ہے۔
نواز شریف کی بیرون ممالک جانے کی خبروں پر انہوں نے کہا کہ کل پارٹی کے اجلاس میں میاں نواز شریف سے ملاقات ہو گی، ابھی تک نواز شریف کےلندن جانےکی خبر افواہ ہی لگ رہی ہے۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ محسن نقوی اور مریم نواز میں کوئی ناراضی نہیں، وفاق اور پنجاب میں بہترین کوآرڈینیشن ہے، پنجاب نے اپنے بجٹ سے بجلی کے بلوں میں عوام کوریلیف دیا، بلاول بھٹو ہمارے بھائی ہیں انہیں مطمعن کر لیں گے وہ کہیں نہیں جاتے۔