(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ریاست کیخلاف ہتھیار اٹھانے والوں کا بندوبست کیا جائے گا۔
پریذائیڈنگ آفیسر عرفان صدیقی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کوئٹہ میں تفصیل کیساتھ سٹیک ہولڈرز سے گفتگو کی، وزیراعظم نے بلوچستان کے ہر ڈویژن کیلئے فنڈز مختص کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو ریاست کو مانتے ہیں وہ ہمارے لئے محترم ہیں، ان کو سر پر بٹھائیں گے، ریاست کو نہ ماننے والے اور ہتھیار اٹھانے والے دہشتگرد ہیں، جو ریاست کیخلاف جائے گا اس کیخلاف کارروائی ہو گی، دہشتگردوں کا بندو بست کیا جائے گا۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ایپکس کمیٹی نیشنل ایکشن پلان کے فیصلوں کو ریویو کرتی ہے، پارلیمنٹ سپریم ہے اور رہی گی، فی الحال کوئی آپریشن نہیں ہو رہا، بلوچستان میں سب سے بڑا مسئلہ افسران کی عدم دستیابی ہے، وفاق سے افسران بلوچستان جا رہے ہیں۔