(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ کا بدنما چہرہ پوری قوم کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔
اپنے ایک بیان میں لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کا 9 مئی کی ناکام بغاوت پر انکوائری کمیشن بنانا مضحکہ خیز ہے، خود ہی مجرم خود ہی منصف اس سے بڑی بےشرمی کیا ہو سکتی ہے؟
انہوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے کے پی حکومت کی جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست مسترد کی، پشاور ہائیکورٹ نے اس درخواست کو رولز کی خلاف ورزی قرار دیا، اب 9 مئی کے ملزمان انکوائری کمیشن کیلئے خود ہی ایکٹ لائیں گے اور خود ہی منصف بن جائیں گے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جیسے پارلیمنٹ حملہ کیس میں ماسٹر مائنڈ نے خود کو بری کروایا تھا ایسے ہی 9 مئی کی ناکام بغاوت کے کیسز میں یہ کمیشن سے کلین چٹ لیں گے، 9 مئی کو فوجی تنصیبات اور شہداء کے مجسمے جلانے کے ہولناک مناظر پوری دنیا نے دیکھے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ کرنل شیر خان شہید اور ایم ایم عالم کے مجسموں کی بے حرمتی کرنے کے مناظر قوم کیسے بھول سکتی ہے؟ سوا سال بعد بھی عدالتوں میں 9 مئی کے مقدمات جوں کے توں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں فسادات کے بعد عدالتوں نے تین دن میں کئی ملزمان پر فرد جرم عائد کی اور سزائیں سنائیں لیکن پاکستان میں عدالتیں 9 مئی کے ایک بھی ملزم کو سزائیں نہیں دے سکیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ شہداء کے لواحقین آج بھی پاکستان کے نظام عدل کی طرف دیکھ رہے ہیں، ان کے پیاروں کے مجسموں کی بے حرمتی کرنے والوں کو عدالتیں کب کٹہرے میں کھڑا کریں گی؟