(لاہور نیوز) ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش اور فائر وال کی تنصیب کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش اور فائر وال کی تنصیب کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت جسٹس شکیل احمد نے استفسار کیا کہ اس درخواست میں خاص بات کیا ہے ؟ جس پر ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے بتایا کہ اس درخواست کے ساتھ ہم نے انٹرنیٹ بندش کے حوالے سے ثبوت لگائے ہیں۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ ملک میں بغیر کسی نوٹس اور وجہ بتائے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپس بند کر دی گئی ہیں، انٹرنیٹ کی بندش سے کاروبار حتی کہ ہر شعبہ ہائے زندگی متاثر ہو رہا ہے، انٹرنیٹ بند کرنا بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے، ، وفاقی حکومت کا انٹرنیٹ بند کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور ملک میں انٹرنیٹ کو مکمل اور فوری بحال کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔
عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی۔